پاکستان

صوبہ سندھ میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ

صوبے بھر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں پولیس کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت شکایات درج کرنے کا اختیار ہو گا۔

صوبہ سندھ میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے یکم سے 10 محروم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنےکے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کی جارہی ہے۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یکم تا 10 محرم تک اجازت کے بغیر کسی جلسے، مجلس یا جلوس کے انعقاد کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ ڈبل سواری پر صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو پابندی ہو گی تاہم بزرگ شہریوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خواتین کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ نفرت یا تشدد کو بڑھاوا دینے والے پوسٹرز، تقاریر، بینرز، ویڈیوز، ویڈیوز، پمفلٹ پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ماتمی جلوسوں کے دوران عمارتوں کی چھتوں پر کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے سوا کسی بھی شخص کے ہتھیار ساتھ لے کر چلنے پر بھی پابندی ہو گی۔

نوٹی فکیشن کے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں پولیس کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت شکایات درج کرنے کا اختیار ہو گا۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ سے قبل خیبر پختونخوا حکومت نے بھی محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پشاور میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی تھی۔