پاکستان

کراچی: گزشتہ 24 گھنٹے میں ہیٹ اسٹروک سے 9 افراد جاں بحق

جناح ہسپتال میں 3، عباسی شہید ہسپتال میں 5 اور سول ہسپتال میں ایک مریض کی موت رپورٹ ہوئی، محکمہ صحت سندھ

کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ہیٹ اسٹروک سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق جناح ہسپتال میں 3، عباسی شہید ہسپتال میں 5 اور سول ہسپتال میں ایک مریض کی موت رپورٹ ہوئی۔

شہر میں یکم جون سے اب تک ہیٹ اسٹروک سے اموات کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ شہر قائد چند روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور پارہ مسلسل 40 ڈگری کو چھو رہا ہے، جبکہ سمندری ہوا بند ہونے سے گرمی کی زیادہ شدت محسوس کی جارہی ہے۔

گرمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔