لائف اسٹائل

بھارتی اداکارہ حنا خان میں بریسٹ کینسر کی تشخیص

کینسر کی تشخیص سے قبل حنا خان نے ریئلٹی گیم شو خطروں کے کھلاڑی میں کام کرنے کے بعد انکشاف کیا تھا کہ انہیں استھما بھی ہوگیا۔

کشمیری نژاد بھارتی اداکارہ حنا خان نے تصدیق کی ہےکہ ان میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جو کہ تیسرے اسٹیج تک جا پہنچا ہے۔

حنا خان نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی بیماری سے متعلق بتایا اور ساتھ ہی تصدیق کی کہ ان کا علاج شروع ہوچکا ہے۔

اداکارہ نے امید کا اظہار کیا کہ وہ اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں کی دعاؤں سمیت علاج سے بیماری کو شکست دینے میں کامیاب جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک وہ خود کو توانا اور صحت مند محسوس کر رہی ہیں، انہیں کسی طرح کی کوئی کمزوری یا بیماری محسوس نہیں ہو رہی اور وہ انتہائی پر امید بھی ہیں۔

حنا خان نے میڈیا اور مداحوں سے مشکل کی اس گھڑی میں پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست بھی کی اور لکھا کہ وہ بیماری سے نمٹنے کے لیے تجاویز دینے پر سب کو مشکور رہیں گی۔

اداکارہ کی جانب سے خود میں کینسر کی تشخیص کی پوسٹ کیے جانے کے بعد پاکستانی اور بھارتی شوبز شخصیات نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔

کینسر کی تشخیص سے قبل حنا خان نے ریئلٹی گیم شو خطروں کے کھلاڑی میں کام کرنے کے بعد انکشاف کیا تھا کہ انہیں استھما بھی ہوگیا۔

اداکارہ گزشتہ چند سال سے بخار اور دیگر طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے ہسپتال بھی داخل ہوتی رہی ہیں اور اب گزشتہ چند ہفتوں سے بھارتی میڈیا میں ان کی بیماری سے متعلق چہ مگوئیاں تھیں اور اب انہوں نے خود میں بریسٹ کینسر کی تشخیص کی تصدیق کردی۔

حنا خان کا تعلق مقبوضہ جموں و کشمیر سے ہے، وہ 2008 سے بھارتی شوبز اور فیشن انڈسٹری کا حصہ ہیں، انہوں نے متعدد مقبول ترین بھارتی ڈراموں میں کام کیا جب کہ نصف درجن سے زائد فلموں میں بھی اداکاری کر چکی ہیں۔

حنا خان ایک وقت میں بھارتی ٹی وی کی سب سے مہنگی اداکارہ بھی رہی ہیں، انہوں نے بگ باس اور خطروں کے کھلاڑی سمیت دیگر ریئلٹی شوز میں بھی شرکت کی اور ماڈلنگ بھی کرتی رہی ہیں۔

پاکستان کے مرد حضرات میں منہ اور خواتین میں بریسٹ کینسر نمایاں

خواتین 40 سال کی عمر کے بعد ہر سال بریسٹ کینسر کا ٹیسٹ کروائیں، ماہرین کا زور

دنیا کا ہر پانچ میں سے ایک شخص کینسر کا سامنا کرتا ہے، عالمی ادارہ صحت