کراچی میں شدید گرمی، آج بھی پارہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان
آج سے ملک میں مون سون ہوائیں داخل ہونے کی توقع ہے، اس کے زیر اثر کراچی میں 28 جون سے یکم جولائی تک بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
کراچی میں گرمی کا زور برقرار ہے، آج بھی پارہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے شہری آئندہ 2 روز تک جزوی ہیٹ ویو برداشت کریں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرم اور مرطوب موسم کے ساتھ صبح کا آغاز ہوا، شہر قائد آج بھی جزوی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، گرمی کی شدت 38 ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔
مزید بتایا کہ 2 روز بعد شہر میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ملک میں مون سون ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے،مون سون ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں 28 جون سے یکم جولائی تک بارش کا امکان ہے۔