پاکستان

جماعت اسلامی کا 28جون کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سامنے دھرنے کا اعلان

جماعت اسلامی نئے فوجی آپریشن کے حق میں نہیں، قوم کو بتایا جائے ماضی میں آپریشنز سے فائدہ ہوا یا نقصان، حافظ نعیم الرحمٰن

جماعت اسلامی نے ملک بھر میں جاری لوڈشیڈنگ پر 28 جون کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کی جس میں ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، وفاقی بجٹ اور موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر بحث کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو 20 ہزار فارم پہلے ہی دے دیے گئے لیکن وہ پھر بھی الیکشن ہار گئے اور کراچی میں انہیں عوام نے انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو بھی عام انتخابات میں نوازا گیا، الیکشن میں مینڈیٹ کو ترجیح نہیں دی گئی اور الیکشن ہارنے کے باوجود ایسے افراد کو پارلیمنٹ میں لے جایا گیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی پارٹی ختم ہوتے دیکھ رہا ہوں اور اگر نوازشریف چیمپیئن ہیں تو میری طرح اپنی سیٹ چھوڑ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نئے فوجی آپریشن کے حق میں نہیں، قوم کو بتایا جائے ماضی میں آپریشنز سے فائدہ ہوا یا نقصان۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ٹارگیٹڈ ایکشن کے حق میں ہے اور ہمیں اس اہم ترین معاملے پر سب کو بیٹھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں جماعت اسلامی بھرپور طریقے سے ان ایکشن ہو گی اور ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ پر 28 جون کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا۔