کھیل

ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بارش ہوئی تو کون سی 2 ٹیمیں فائنل کھیلیں گی؟

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ اور افغانستان، دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور انگلینڈ مدمقابل ہوں گے۔

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے کا ڈرامائی انداز میں اختتام ہونے کے بعد اب شائقین کرکٹ کی نظریں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل پر ہیں، جہاں افغانستان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے نہ صرف پہلی بار ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی بلکہ آسٹریلیا جیسی چیمپئن ٹیم کو بھی ایونٹ سے باہر کردیا۔

کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ کا سپرایٹ مرحلہ انتہائی دلچسپ رہا جس میں افغانستان نے پہلے آسٹریلیا اور پھر آخری میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی بار میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔

افغانستان کے فائنل فور میں پہنچتے ہی متعدد ون ڈے ورلڈکپ اور ایک ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والے چیمپئن ٹیم آسٹریلیا کا سفر میگا ایونٹ میں اختتام پذیر ہوگیا۔

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں گروپ ٹو کی ٹاپ ٹیم جنوبی افریقہ، گروپ ون میں دوسرے نمبر پر آنے والی افغانستان سے مدمقابل ہوگی، جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں گروپ ون کی ٹاپ ٹیم بھارت، گروپ ٹو میں دوسری پوزیشن پر آنے والے دفاعی چیئمپئن انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔

ٹی 20 ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل 27 جون کو جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 5 بجے ٹاروبا کے برائن لارا اسٹیدیم میں کھیلا جائے گا، جب کہ دوسرا سیمی فائنل 27 جون کو ہی دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان شام کو ساڑھے 7 بجے گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ٹی20 ورلڈکپ کے آغاز میں ہی یہ فیصلہ کرلیا گیا تھا، اگر بھارت فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو وہ گیانا میں ہونے والا دوسرا سیمی فائنل ہی کھیلے گا، کیوں کہ گیانا میں بھارتی شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔

ورلڈکپ کے دونوں سیمی فائنلز کے لیے صورتحال بالکل مختلف ہے، افغانستان اور جنوبی افریقہ کے میچ کے لیے اضافی دن رکھا گیا ہے لیکن بھارت اور انگلیند کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے لیے کوئی اضافی دن نہیں ہے، کیوں کہ ایک دن کے فرق سے ورلڈکپ کا فائنل شیڈول ہے اور اضافی دن رکھنے سے یہ دورانیہ بہت کم ہوجائے گا۔

تاہم، بارش ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 250 منٹ اضافی دیے جائیں گے، پہلے سیمی فائنل کے لیے دن کے اختتام پر اضافی 60 منٹ بھی رکھے گئے ہیں، جب کہ پہلے سیمی فائنل کے لیے اضافی دن پر بھی 190 منٹ ایکسٹرا دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ، سیمی فائنل اور فائنل میچ کو مکمل کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کو کم سے کم 10 اوورز کھیلنا لازمی ہیں، سپر ایٹ اور گروپ مرحلے میں 5 اوورز فی اننگز کھیلنا لازمی تھا، چونکہ دونوں سیمی فائنل میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے لہذا یہ اصول انتہائی اہمیت اختیار کرسکتا ہے۔

اگر بارش کی وجہ سے دونوں سیمی فائنل نہیں ہوسکے تو سپر ایٹ مرحلے میں اپنے اپنے گروپس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں (بھارت اور جنوبی افریقہ) فائنل میں رسائی حاصل کرلیں گی، اور اگر کسی وجہ سے فائنل بھی نہیں ہوسکا تو دونوں ٹیمیں مشترکہ طور پر ٹی20 ورلڈکپ چیمپئن قرار دی جائیں گی۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا ناکام، ناقابل شکست بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا

میزبان ویسٹ انڈیز ٹی20 ورلڈکپ سے باہر، جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ٹی20ورلڈ کپ میں امریکا کو بدترین شکست دے کر انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا