پاکستان

ہائی کورٹ کے تین ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

صدر مملکت نے تین ججوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی، شجاعت علی خان کو لاہور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا گیا۔

وزارت قانون و انصاف نے لاہور ہائی کورٹ کے دو ججوں سمیت تین ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وزارت قانون سے جاری اعلامیے کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 177 کی شق (1) میں دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے تین ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

ان ججوں میں سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور لاہور ہائی کورٹ کے ہی جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں۔

اس کے علاوہ صدر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ کے سینئر پیونی جج جسٹس شجاعت علی خان کو لاہور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا ہے۔

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چیف جسٹس ہائی کورٹ کے تقرر تک شجاعت علی خان یہ ذمے داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

اسی طرح صدر پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد شفیع صدیقی کو ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس محمد شفیع صدیقی جوڈیشل کمیشن پاکستان کی منظوری تک بطور قائم مقام چیف جسٹس فرائض ادا کریں گے۔

جسٹس شفیع صدیقی کو جسٹس عقیل احمد عباسی کے سپریم کورٹ کا جج مقرر ہونے کے بعد قائم مقام چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔

جوڈیشل کمیشن پاکستان اپنے اگلے اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کا ریگولر چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے گا۔

ججز کی تقرری کا اطلاق ان کی حلف کی تاریخ سے ہو گا۔