وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کی ساتھ مل کر ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 3 سال میں پولیو کے خاتمے کے لیے مالی معاونت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کی ساتھ مل کر ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے کے لیے قومی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے بھی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں، ریاض میں سربراہ اجلاس کے موقع پر آپ سے ملاقات میں مفید بات چیت ہوئی، انسانیت کے لیے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں اور ملک میں صحت اور سماجی شعبے میں آپ کی خدمات سے پاکستان مستفید ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 3 سال میں پولیو کے خاتمے کے لیے مالی معاونت میں اضافہ ہوا، گزشتہ 2 سال میں انسداد پولیو کے لیے مالی معاونت کا 30 فیصد گیٹس فاؤنڈیشن کا ہے جبکہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی ساتھ مل کر ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ملک کو پولیو سے پاک کرنا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انسداد پولیو اور صحت کے دیگر شعبوں میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا منصوبہ ہماری ترجیح ہے۔