کھیل

افغانستان کس طرح ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے میں آسٹریلیا کی افغانستان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد گروپ ون میں دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے میں آج 2 انتہائی اہم میچ کھیلے جائیں گے جس کے بعد یہ فیصلہ ہوجائے گا کہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے بعد کون سی دو ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے میں آسٹریلیا کی افغانستان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد گروپ ون میں بھی دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

اس سے قبل گروپ ٹو میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے دلچسپ مقابلے ہوئے اور آج جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز ورلڈکپ سے باہر ہوگیا، تاہم گروپ ون میں بظاہر یہ لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا اور بھارت آسانی سے سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔

یاد رہے کہ آج ٹی20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا، جب کہ دوسرا میچ افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا جو صبح ساڑھے 5 بجے شروع ہوگا۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ افغانستان کس صورت میں سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکتا ہے؟ تو آئیے صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں۔

اگر آسٹریلیا اور افغانستان دونوں جیت جائیں:

اگر یہ دونوں ٹیمیں اپنے میچز جیت جاتی ہیں تو، آسٹریلیا، بھارت اور افغانستان کے 4،4 پوائنٹس ہوجائیں گے، اگر آسٹریلیا ایک رن سے جیت حاصل کرتا ہے تو افغانستان کو بنگلہ دیش کو 36 رنز سے شکست دینا ہوگی۔

اگر آسٹریلیا ہدف کے تعاقب میں آخری اوور میں جیت حاصل کرتا ہے تو افغانستان کو بنگلادیش کے خلاف 15.4 اوورز یا اس سے قبل ہدف حاصل کرنا ہوگا (اگر 160 رنز تک کا ہدف ملے)۔

بھارت کا رن ریٹ اس وقت سب سے بہتر 2.425 ہے اور بھارت کو ایونٹ سے باہر کرنے کے لیے آسٹریلیا اور افغانستان دونوں کو اپنے میچز بڑے مارجن سے جیتنا ہوں گے، آسٹریلیا کو 41 رنز اور افغانستان کو 83 رنز کی جیت درکار ہوگی۔

اگر بھارت اور بنگلہ دیش جیت جائیں:

بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ بآسانی سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا، جس کے بعد آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلہ دیش کے 2،2 پوائنٹس ہوجائیں گے اور رن ریٹ کی بنیاد پر چوتھے سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگا۔

اس وقت آسٹریلیا کا رن ریٹ باقی دونوں ٹیموں سے بہتر ہے، اگر افغانستان کو ایک رن سے شکست ہوتی ہے تو آسٹریلیا کی 31 رنز سے شکست اس کا رن ریٹ افغانستان سے کم کردے گی۔

دوسری جانب، بنگلہ دیش کو رن ریٹ کی بنیاد پر افغانستان سے آگے جانے کے لیے 31 رنز کی جیت درکار ہوگی، تاہم بنگلہ دیش کو آسٹریلیا کی 53 رنز سے شکست کی دعا بھی کرنا ہوگی۔

اگر آسٹریلیا اور بنگلہ دیش جیت جائیں:

اس کیس میں بھارت اور آسٹریلیا آسانی سے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلیں گے اور افغانستان کی امیدوں پر پانی پھر جائے گا۔

اگر بھارت اور افغانستان جیت جائیں:

ایسی صورت میں آسٹریلیا کا ورلڈکپ میں سفر تمام ہوجائے گا اور بھارت کے ساتھ ساتھ افغانستان بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گا۔

میزبان ویسٹ انڈیز ٹی20 ورلڈکپ سے باہر، جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ٹی20ورلڈ کپ میں امریکا کو بدترین شکست دے کر انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ورلڈکپ کے 2 میچوں میں 2 ہیٹ ٹرک، پیٹ کمنز نے تاریخ رقم کردی