پاکستان

کراچی میں 4 سے 5 دن تک گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی، آج بوندا باندی کا امکان

کراچی کے بیشتر علاقوں میں دن اور رات کے اوقات میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں اگلے 4 سے 5 دن تک گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی جبکہ آج شام کو شہر بھر میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گرمی کی شدت 44 ڈگری تک محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں اگلے تین روز شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی ہے، 3 دنوں میں پارہ 40 ڈگری کے آس پاس ہی رہے گا، نمی کی وجہ سے گرمی کی شدت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر قائد میں ہیٹ ویو جیسی صورت حال کا امکان بھی خدشہ ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے ڈان نیوز کو بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں بارش کا آئندہ ایک ہفتے تک کوئی امکان نہیں تاہم کراچی میں صبح یا شام کے وقت ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی کا موسم آج گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے کراچی کے شہری بلبلا اٹھے، کراچی کے بیشتر علاقوں میں دن اور رات کے اوقات میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

بجلی کے تعطل نے پانی کی فراہمی کا سلسلہ بھی متاثر کیا ہے، اسکیم 33، گلزار ہجری، گلشن اقبال، اورنگی، کورنگی، کیماڑی، لیاری، ملیر، گڈاپ، لیاقت آباد، اور گارڈن سمیت ناظم آباد، سرجانی، نیو کراچی، بلدیہ ٹاون اور کئی علاقے 12 سے 14 گھنٹے بجلی سے محروم ہیں۔

جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر بھر میں زیادہ سے زیادہ دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اور 70 فیصد کراچی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے۔

اندرون سندھ میں بھی اگلے چند روز تک سورج آگ برساتا رہے گا، جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ اورگھوٹکی کے اضلاع میں درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے جامشورو، دادو، تھرپارکر اور عمرکوٹ کے اضلاع میں آج شام یا رات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔

ادھر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے میں 50 ملی میٹر جبکہ دوسرے ہفتے میں 35 ملی میٹر تک بارشیں متوقع ہیں، جولائی میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی اضلاع اور مکران میں شدید گرم رہے گا، کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، خضدار میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37، قلات میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ، بارکھان میں 35، ژوب میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ، تربت میں زیادہ سے زیادہ 46 اور سبی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمے کے مطابق دالبندین میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42، نوکنڈی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ، گوادر میں زیادہ سے زیادہ 42، پسنی میں 35، جیوانی میں 35 جبکہ اوڑمارہ میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

سوات: توہین مذہب کے الزام میں شہری کے قتل کے 14 ملزمان گرفتار

پاکستان کا خطے کی 9 ریاستوں کے ساتھ تجارتی خسارہ 41 فیصد تک بڑھ گیا

ٹی 20 ورلڈکپ میں ایک اور اپ سیٹ، افغانستان نے تاریخ میں پہلی بار آسٹریلیا کو شکست دے دی