لائف اسٹائل

خواتین کے خود مختار ہونے اور مردوں کے افیئرز سے طلاقیں ہو رہی ہیں، سعدیہ فیصل

اداکارہ نے مبہم انداز میں خواتین کی خود مختاری، ان کی جانب سے پیسے کمانے کو ان کی ذہنی حالت خراب ہونے سے بھی جوڑا۔

اداکارہ سعدیہ فیصل کا ماننا ہے کہ خواتین کے خود مختار ہونے، ان میں برداشت ختم ہونے اور مردوں کے افیئرز کی وجہ سے طلاق بڑھ رہی ہیں۔

سعدیہ فیصل کی حال ہی میں ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں ملک میں بڑھتی طلاقوں پر بات کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں وہ طلاقوں کا مرکزی ذمہ دار خواتین کو ٹھہراتی سنائی دیتی ہیں۔

جب ان سے ملک میں بڑھتی طلاقوں کے اسباب سے متعلق سوال کیا گیا تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ خواتین کے خود مختار ہونے، ان کی جانب سے کمانے کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب خواتین کماتی ہیں تو ان میں خود مختاری آجاتی ہیں اور پھر ان کی توقعات اور خواہشات بڑھ جاتی ہیں اور زیادہ پیسے کمانے پر خواہشات مزید بڑھ جاتی ہیں۔

اداکارہ نے مبہم انداز میں خواتین کی خود مختاری، ان کی جانب سے پیسے کمانے کو ان کی ذہنی حالت خراب ہونے سے بھی جوڑا۔

سعدیہ فیصل کا کہنا تھا کہ لڑکیوں میں برداشت کی کمی بھی زیادہ ہوگئی ہے اور برداشت میں کمی پیسے زیادہ آنے سے نہیں بڑھتی بلکہ وہ قدرتی ہوتی ہے جو کہ اب خواتین میں نظر نہیں آتی۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگرچہ پیسوں سے برداشت کی کمی نہیں ہوتی، تاہم زیادہ پیسے آنے اور کمانے سے دماغ اوپر چلا جاتا ہے۔

اداکارہ نے شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیسے کمانے کے باوجود ان کا دماغ اوپر نہیں گیا۔

سعدیہ فیصل کا کہنا تھا کہ کام اور پیسے کمانے کا سلسلہ چلتا رہتا ہے، آخر میں ہرکسی کے لیے سب سے اہم خاندان ہوتا ہے، اس لیے ہر کسی کو خاندان کو زیادہ اہمیت دینی چاہیے۔

اداکارہ کے مطابق ہر لڑکی کو ویسے بھی شادی کرنی ہوتی ہے اور شادی کرکے بھی کام کیا جا سکتا ہے اور شادی کے بغیر بھی کام ہوسکتا ہے لیکن رشتہ ازدواج سےمنسلک ہوئے بغیر مشکل ہوتی ہے اور دماغ کہیں اور لگا رہتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لڑکیوں میں برداشت ختم ہوچکی ہے اور اسی وجہ سے طلاقیں زیادہ ہو رہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مردوں کے افیئرز کی وجہ سے بھی طلاقیں ہو رہی ہیں۔

اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ لڑکیوں میں برداشت کا ختم ہونا الگ بات ہے جب کہ مردوں کے افیئرز چلنا دوسری بات ہے، دونوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں لیکن دونوں مسائل کی وجہ سے طلاقیں ہو رہی ہیں۔

گلوکاری کرنے پر منگنی ٹوٹی تو فن سے شادی کرلی، شازیہ منظور

چار بیویوں کے چھوڑ جانے پر پانچویں شادی کی، عطااللہ عیسیٰ خیلوی

دوسرے شوہر ہمایوں سعید سے کم عمر ہیں،اس لیے انہیں آپا کہنے سے روک دیا، بشریٰ انصاری