پاکستان

کرم میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 5 جوان شہید

علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرم کے علاقے سدہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے پانچ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔

شہید ہونے والے وطن کے بہادر سپوتوں میں اوکاڑہ کے 33 سالہ حوالدار عقیل احمد، پونچھ کے 30 سالہ لانس نائیک محمد طفیر، اٹک کے 24 سالہ سپاہی انوش رفون، ہری پور کے 26 سالہ سپاہی محمد اعظم خان اور اسلام آباد کے 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔

علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔