واٹس ایپ اسٹیٹس کو بہتر بنا دیا گیا
انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے اسٹوری یا اسٹیٹس شیئر کرنے کے فیچر کو بہتر کردیا گیا۔
نئی اپڈیٹس کے بعد اب صارفین کو دوسرے افراد کی اسٹوریز یا اسٹیٹس فیس بک اسٹوریز کی طرح واضح نظر آئیں گی۔
نئے فیچر کے تحت صارفین اپڈیٹس کی ٹیب پر جانے کے بعد جیسے ہی اسٹوریز پر جائیں گے تو انہیں واٹس ایپ اسٹیٹس فیس بک اسٹوریز کی طرح دکھائی دیں گی۔
پہلے واٹس ایپ اسٹیٹس گول دائرے میں نظر آتی تھیں اور یہ واضح نہیں ہوتا تھا کہ صارف نے کیا اسٹوری شیئر کی ہے، تاہم نئی اپڈیٹس کے بعد اسٹیٹس کا واضح عندیہ ملتا ہے کہ صارف نے کس طرح کا کیا اسٹیٹس شیئر کیا ہے۔
واٹس ایپ اسٹوریز یا اسٹیٹس میں بہتری کا فیچر فوری طور پر تمام صارفین کے پاس کام نہیں کر رہا، تاہم ترتیب وار اس پر سب کو رسائی دی جائے گی۔
جن صارفین کو اسٹیٹس یا اسٹوری کے بہتر انداز تک رسائی دی جا چکی ہے، انہوں نے نئے انداز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اب نہ صرف اسٹوری شیئر کرنے والے کی پروفائیل تصویر نظر آتی ہے بلکہ اس کی جانب سے شیئر کردہ اسٹوری کا عکس بھی دکھائی دیتا ہے۔