پاکستان

عمران خان، فواد چوہدری کےخلاف توہین الیکشن کمیشن کیسز سماعت کیلئے مقرر

ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس پر سماعت 26 جون کو کریں گے۔
|

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیسز سماعت کے لیے مقرر ہوگئے۔

ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی توہین الیکشن کمیشن کیس پر سماعت کریں گے، عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 26 جون کو ہوگی جبکہ فواد چوہدری کے خلاف بھی کیس 26جون کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس میں الیکشن کمیشن عمران خان اور فواد چودھری پرفرد جرم عائد کرچکا ہے۔

فواد چوہدری کی جانب سے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اوپن ٹرائل کی استدعا کی تھی

واضح رہے کہ 3 جنوری کو توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی۔

اگست 2022 میں الیکشن کمیش نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الزمات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن کی توہین اور ساتھ ہی عمران خان کو توہین چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس میں عمران خان کے مختلف بیانات، تقاریر، پریس کانفرنسز کے دوران اپنے خلاف عائد ہونے والے بے بنیاد الزامات اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف استعمال ہونے والے الفاظ، غلط بیانات و من گھڑت الزامات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کو 30 اگست کو اپنے جواب کے ساتھ کمیشن میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا گیا ہے کہ 30 اگست کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پیمرا کے ریکارڈ کے مطابق عمران خان نے 11 مئی، 16 مئی، 29 جون، 19، 20 جولائی اور 7 اگست کو اپنی تقاریر، پریس کانفرنسز اور بیانات میں الیکشن کمیشن کے خلاف مضحکہ خیز اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، توہین آمیز بیانات دیے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جو براہ راست مرکزی ٹی وی چینلز پر نشر ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو مخاطب کرکے نوٹس میں مزید کہا تھا کہ آپ نے 12 جولائی کو بھکر میں ہونے والے جلسے میں خطاب کیا جو ’اے آر وائی‘ پر نشر ہوا اور ساتھ ہی اگلے دن روزنامہ ’ڈان‘ میں شائع ہوا، جس میں آپ نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز باتیں کیں اور ان پر من گھڑت الزامات عائد کیے۔

سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کیلئے سائیکولوجیکل اسکریننگ کا نظام متعارف کیا جارہا ہے، وفاقی وزیر

ایف بی آر نے ٹیکس تنازعات کیلئے اپیل کا نیا نظام متعارف کروادیا

لیبر یونین کے سینئر رہنما کرامت علی کراچی میں انتقال کر گئے