چیئرمین پی سی بی کا قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ، اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے عید کے تیسرے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کرکے وہاں جاری اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کام پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور دفاتر گرائے جانے کے کام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے 30 جون تک دفاتر گرانے کا کام مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا، انہوں نے عید کی تعطیلات کے بعد مشینری اور مزدوروں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت بھی دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ چیمپینز ٹرافی سے پہلے قذافی اسٹیڈیم، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور پنڈی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن مکمل کی جائے ۔
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں شیڈول ہے، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کل 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے انٹرنیشنل) طرز کی کرکٹ کھیلیں گی۔
آئی سی سی کے ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کی سرِ فہرست 7 ٹیموں نے اس ٹورنامنٹ کے لیے اپنی پوزیشن محفوظ کر لی تھی جبکہ پاکستان نے بطورِ میزبان اس کے لیے کوالیفائی کیا۔
پاکستان میں ہونے والی 2025 چیمپئنز ٹرافی میں ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئرلینڈ کی ٹیمیں شامل نہیں ہوں گی۔