کھیل

کھلاڑیوں کے پاس ماڈرن ڈے کرکٹ کی کوئی اسکل موجود نہیں، ہیڈ کوچ قومی کرکٹرز پر سیخ پا

یہ ٹیم درحقیقت ٹیم ہے ہی نہیں کیونکہ اس میں اتحاد کی کمی ہے اور کوئی کسی کو سپورٹ نہیں کرتا، گیری کرسٹین

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی پر ہیڈ کوچ گیری کرسٹین نے پاکستانی کرکٹرز کو کھری کھری سنادی اور آئرلینڈ کے خلاف میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں کرکٹرز اکٹھا ہوئے تو سب کچھا چٹھا کھول کر رکھ دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے دعوٰی کیا کہ آئرلینڈ کے خلاف میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں گیری کرسٹین قومی کرکٹرز پر سیخ پا نظر آئے اور کھلاڑیوں پر برہمی اور ناراضی کا اظہار کیا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ یہ ٹیم درحقیقت ٹیم ہے ہی نہیں کیونکہ اس میں اتحاد کی کمی ہے اور کوئی کسی کو سپورٹ نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں اختلافات ہیں اور کسی کو ٹیم میں دلچسپی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے پاس ماڈرن ڈے کرکٹ کی کوئی اسکل موجود نہیں اور کسی کو کچھ نہیں معلوم کہ کون سا شاٹ کب کھیلنا ہے۔

ذرائع کے مطابق گیری کرسٹین نے کھلاڑیوں کے فٹنس لیول پر بھی اظہارِ برہمی کیا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم راؤنڈ میچز میں اپنے چار میں سے دو میچز ہارنے کے بعد سپر ایٹ مرحلے سے باہر ہوگئی ہے۔

پاکستان کو پہلے میچ میں نوآموز امریکا اور دوسرے میچ میں بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔