سیاسی مقاصد کیلئے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن معمول بنتے جارہے ہیں، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کے سیاسی مقاصد کے لیے فالس فلیگ آپریشن معمول بنتے جارہے ہیں تاہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے عید الاضحیٰ پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر فرائض انجام دینے والے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جنرل عاصم منیر نے افسران و جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔
آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں شہدا کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور جوانوں کی لگن، بلند حوصلے اور مادر وطن کے لیے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوانوں کے لیے گھروں سے دور محاذ پر عید باعث فخر ہے اور اپنے گھر والوں سے دور وطن کی حفاظت کے فرض کی ادائیگی زیادہ اہم ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے، جبکہ بھارتی انتخابات کے بعد کشمیریوں پر ظلم و ستم میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے، لیکن بھارت کے سیاسی مقاصد کے لیے فالس فلیگ آپریشن معمول بنتے جارہے ہیں، تاہم کوئی بھی جارحیت ہوئی تو قوم کی حمایت سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔