پاکستان

سانگھڑ: اونٹ کی ٹانگیں کاٹنے والے چھ بااثر افراد ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

تمام ملزمان کو چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، پانچ ملزمان میں سے دو نے اعتراف جرم کر لیا، پولیس

سندھ کے ضلع سانگھڑ میں کھیت میں گھسنے پر اونٹ کی ٹانگیں کاٹنے والے پانچ بااثر افراد کو مقامی عدالت نے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

سانگھڑ کی تحصیل شہدادپور 2 کے ڈیوٹی مجسٹریٹ آصف سیال کے سامنے گرفتار ملزمان کو پیش کیا گیا۔

عدالت نے تمام ملزمان کو چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایس ایس پی سانگھڑ نے بتایا کہ پانچ ملزمان میں سے دو ملزمان شکور شر اور عابد شر نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔

دیگر گرفتار ملزمان میں رستم خان، جعفر علی، گُل بیگ اور دریا خان شامل ہیں۔

دوسری جانب متاثرہ اونٹنی کے مالک کو 2اونٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانگھڑ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا جس پر بہت افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں جانوروں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور جو لوگ اس جرم میں ملوث تھے، اگر ایسے لوگوں کو کھلا چھوڑ دیا جائے تو قوم پر عذاب آئے گا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی ہدایت پر زخمی اونٹ کو کراچی کے اینیمل شیلٹر پہنچادیا گیا جہاں اینیمل ویلفیئر کمیٹی کے ارکان اور رہنما پیپلز پارٹی جام شبیر اور سمیتا سید نے زخمی اونٹنی کو اپنی نگرانی میں کراچی پہنچایا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اینیمل شیلٹر کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے زخمی اونٹ کا علاج شروع کردیا ہے، فریال تالپور کے احکامات پر زخمی اونٹ کو سانگھڑ سے لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی اونٹ کامکمل علاج کیا جائےگا اورمصنوعی پاؤں لگایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے علاقے سانگھڑ میں بااثر افراد نے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی لیکن پولیس نے سب کچھ جانتے ہوئے بھی بااثر وڈیرے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

بعد ازاں وزیرا علیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لے لیا جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے 5 افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔