کھیل

ڈیوڈ ویزا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

ڈیوڈ ویزا 2016 کے ٹی20 ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں، آل راؤنڈر نے 2021 - 2022 اور 2024 کے ٹی20 ورلڈکپ نمیبیا کی جانب سے کھیلے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے نمیبیا کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں انگلینڈ کے خلاف اپنے آخری میچ سے قبل نمیبیا کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا نے اعلان کیا کہ وہ اس میچ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

نارتھ ساؤنڈ میں ٹی20 ورلڈکپ کے 34ویں میچ میں گروب بی کی ٹیم نمیبیا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلا، جس میں انہیں ڈی ایس ایل میتھڈ کے تحت 41 رنز سے شکست ہوئی۔

123 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈیوڈ ویزا اپنی آخری انٹرنیشنل اننگز میں 12 گیندوں پر 27 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو جوفرا آرچر سمیت دیگر انگلش کھلاڑیوں نے ہاتھ ملا کر انہیں داد دی، اور انہوں نے اپنا بیٹ اور ہیلمٹ اٹھاکر تماشائیوں کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں نمیبیا کے کپتان سمیت پوری ٹیم نے انہیں کرکٹ کا بیٹ اٹھاکر روایتی گارڈ آف آنر پیش کرکے گراؤنڈ سے رخصت کیا۔

یاد رہے کہ ڈیوڈ ویزا نے 2013 میں جنوبی افریقہ کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور وہ 2016 کے ٹی20 ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کرچکے ہیں تاہم جنوبی افریقہ کی جانب سے مسلسل مسترد کیے جانے پر انہوں نے نمیبیا کی ٹیم کو جوائن کرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈیوڈ ویزا نے نمیبیا کو پہلی بار 2021 کے ٹی20 ورلڈکپ کے سپر12 میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، اور پہلی بار آئی سی سی کی فل ممبر ٹیم زمبابوے کو 5 ٹی20 میچوں کی سیریز میں بھی شکست دی۔

بعد ازاں، میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ڈیوڈ ویزا نے کہا ’اگلا ٹی20 ورلڈکپ 2 سال بعد ہوگا اور میں اس وقت 39 سال کا ہوچکا ہے، اس لیے مجھے نہیں لگتا کہ مجھ میں اتنی انٹرنیشنل کرکٹ رہ گئی ہے کہ میں مزید 2 سال تک کھیل سکوں‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نمیبیا کے لیے مزید انٹرنیشنل میچز کھیلنا چاہتا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ کچھ سال تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیل سکتا ہوں لیکن مجھے دوبارہ ایسا موقع نہیں ملے گا کہ ٹی20 ورلڈکپ کے دوران انگلینڈ جیسی ورلڈ کلاس ٹیم کے خلاف اپنے کیریئر کا اختتام کروں، لہذا مجھے یہی وقت درست لگا’۔

واضح رہے کہ ڈیوڈ ویزا نے 3 ٹی20 ورلڈکپ میں نمبیبیا کی نمائندگی کی، رواں ٹی20 ورلڈکپ میں عمان کے خلاف نمیبیا کی واحد جیت میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے نمیبیا کے لیے 34 ٹی20 انٹرنیشنل میں 532 رنز بنائے اور 35 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ، ڈیوڈ ویزا شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں مسلسل 2 بار پی ایس ایل چیمپئن بننے والی ٹیم لاہور قلندرز کا بھی حصہ تھے اور وہ اپنی کارکردگی سے لاہور قلندرز کو متعدد میچ جتواچکے ہیں۔

ٹی20 ورلڈکپ: انگلینڈ نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نمیبیا کو شکست دیدی

ٹی20 ورلڈکپ: آسٹریلیا کے ہاتھوں اسکاٹ لینڈ کو شکست، انگلینڈ سپر ایٹ میں پہنچ گیا

بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، توقعات پر پورا نہ اترنے کا افسوس ہے، عماد وسیم