پشاور: الیکٹرانک سگریٹ، وپیس اور نکوٹین پاؤچ پر پابندی عائد، دفعہ 144 نافذ
ای سگریٹ، ویپس اور نکوٹین پاؤچ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے آس پاس ای سگریٹ بیچنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی، ضلعی انتظامیہ
پشاور میں الیکٹرانک سگریٹ، وپیس اور نکوٹین پاؤچ پر پابندی عائد کردی گئی، اس کے علاوہ دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق انتظامیہ نے بتایا کہ ای سگریٹ، ویپس اور نکوٹین پاؤچ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے آس پاس ای سگریٹ بیچنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ 21 سال سے کم عمر نوجوانوں کو فروخت کرنے بھی پابندی ہوگی، عوامی مقامات ، اور گاڑیوں پر ان اشیا کی تشہیر پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔