پاکستان

وزیراعظم کا ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کا فیصلہ

تمام منصوبوں کی پیشرفت کی مسلسل نگرانی ان کے بروقت تکیمل کے لیے ضروری ہے، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے محکموں کو جاری احکامات پر پیشرفت کے جائزے کے لیے تشکیل دی گئی ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ٹاسک مینجمنٹ سسٹم سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیر اعظم نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کے سیکریٹریز اور محکموں کے سربراہان کو ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کو خود استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کی موبائل ایپلی کیشن بنائی جاچکی ہے۔

شہباز شریف نے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ تمام منصوبوں کی پیشرفت کی مسلسل نگرانی ان کے بروقت تکیمل کے لیے ضروری ہے۔

ٹاسک مینجمنٹ سسٹم بین الاقوامی معیار کا ایک منفرد اور جدید سافٹ ویئر ہے جس کے ذریعے وفاقی وزارتوں کو وزیر اعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی نگرانی اور ان ہدایات کے مطابق پیشرفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔