پاکستان

اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کے پیچھے منشیات مافیا کا اہم کردار ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

عوام کی جان اور مال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے لیے ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی تیز کرنی ہوگی، مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کے پیچھے منشیات مافیا کا اہم کردار ہے، اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے لیے ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی تیز کرنی ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی کا پہلا مرحلہ 5 اعشاریہ 6 ارب روپے کی لاگت سے شروع ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان اور مال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور پولیس، رینجرز اور دیگر امن و امان کے ادارے مل کر امن و امان بہتر کریں۔

مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ کچے میں ڈرون کے استعمال کے حوالے سے افسران کو تربیت دی جائے۔

انہوں نے کچے میں سکھر پولیس کمانڈو اسکول کو اپ گریڈ کرنے، پولیس موبائل میں ٹریکرز لگانے اور کراچی میں پولیس پیٹرولنگ کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت بھی کی۔