500 میگا واٹ فلوٹنگ سولر پاور منصوبے کیلئے حکومت سندھ کا نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ
500 میگا واٹ فلوٹنگ سولر پاور منصوبے پر محکمہ توانائی سندھ اورگو انرجی کے درمیان معاہدے کی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جب یہ بجلی کے الیکٹرک کو ملے گی تو عوام کو فائدہ ہوگا اور پانی کے ضائع ہونے میں بہت کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں گو انرجی کے ساتھ سعودی گروپ آرامکو بھی سرمایہ کاری کررہا ہے، ایس ٹی ڈی سی کے ذریعے کے الیکٹرک کو بجلی دیں گے اس کے سستے ہونے کا فائدہ عوام کو دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ سولر پارکس لگارہے ہیں اور سولر انرجی کا بہتر استعمال کریں گے۔
وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ پانی اور انرجی منصوبوں کو اہمیت دی ہے جو کل وزیراعلیٰ سندھ اعلان کریں گے اور کے فور کا پانچ ارب کا منصوبہ بھی بجٹ میں لارہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو کی حوالگی پر وفاق سے بات چیت جاری ہے، سیپرا کو بھی فعال کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے خلاف عوامی شکایتوں کے انبار ہوتے ہیں، اٹھارویں ترمیم کے ثمرات عوام تک پہچانا چاہتے ہیں، اس بار بجٹ میں کوئی نئی اسکیم نہیں دے رہے بلکہ پرانی اسکیمز کو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منشور میں تین سو یونٹ مفت بجلی کا وعدہ کیا تھا، اگر وفاق میں حکومت بنتی تو وعدہ پورا کرتے۔