لائف اسٹائل

ایک انڈین نے بتایا پاکستانی ڈرامے چلتے وقت بھارتی گلیاں ویران ہوجاتی ہیں، فیصل قریشی

میرے ڈرامے بشر مومن کو جس ٹی وی چینل نے بھارت میں نشر کیا تھا، وہ ٹی وی چینل بعد میں بند ہوگیا، اداکار

مقبول اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک بھارتی کوریوگرافر نے بتایا کہ پاکستانی ڈرامے نشر ہوتے وقت بھارت کی گلیاں سنسان ہوجاتی ہیں، ہر کوئی آپ کے ڈرامے دیکھتا ہے۔

فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر اور ایوارڈز شوز سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی جب کہ انہوں نے پاکستانی ڈراموں کی بھارت میں مقبولیت پر بھی بات کی۔

اسی پوڈکاسٹ کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں فیصل قریشی پاکستانی ڈراموں کی بھارت میں مقبولیت پر بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے متعدد ڈرامے بھارتی ٹیلی وژن پر نشر ہوئے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے معروف ڈرامے میری ذات ذرہ بے نشان اور بشر مومن سمیت دیگر ڈرامے بھارت میں نشر ہوئے اور انہیں وہاں پسند بھی کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ڈرامے بشر مومن کو جس ٹی وی چینل نے بھارت میں نشر کیا تھا، وہ ٹی وی چینل بعد میں بند ہوگیا۔

اسی دوران انہوں نے بتایا کہ انہیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی ایئرپورٹ پر ایک سکھ ملے، جنہوں نے انہیں بتایاکہ وہ ان سمیت دیگر اداکاروں کے پاکستانی ڈرامے بڑے شوق سے دیکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار نے انہیں بتایا کہ چوں کہ بھارتی اور انگریزی ڈراموں کا مواد ایسا ہوتا ہے کہ وہ اہل خانہ کے ساتھ بیٹھ کر نہیں دیکھے جا سکتے، اس لیے وہ پاکستانی ڈرامے ہی دیکھتے ہیں۔

فیصل قریشی کے مطابق پاکستانی ڈرامے بھار میں نہ صرف ٹی وی پر لیکن اب یوٹیوب پر بھی بہت زیادہ دیکھے جاتے ہیں۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ انہیں دبئی میں ہی ایک بھارتی کوریوگرافر نے بتایا کہ جب بھارت میں پاکستانی ڈرامے ٹی وی چینل پر نشر ہوتے ہیں، اس وقت وہاں کی گلیاں سنسان ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں کوریوگرافر نے بتایا کہ ممبئی کے ایک علاقے کی گلیاں دو دن سنسان ہوتی ہیں، کیوں کہ ایک دن وہاں کے لوگ پاکستانی ڈراما میری ذات ذرہ بے نشان اور دوسرے دن ہمسفر دیکھتے ہیں۔

پاکستانی ڈرامے’تیرے بن’ کا بھارت میں ریمیک بنائے جانے کا امکان

پاکستانی ڈرامے اپنے ملک کے بجائے بھارت میں زیادہ دیکھے جاتے ہیں، بھارتی اداکارہ

بھارتی اداکارہ کیلئے پاکستانی ڈرامے خاص کیوں؟