پاکستان

کراچی: چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ڈی آئی جیز پر مشتمل 4 رکنی کمیٹی تشکیل

اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کراچی میں رہنے والے شہریوں کو چینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گا، آئی جی سندھ غلام نبی میمن

انسپکٹر جنرل سندھ نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے چار ڈی آئی جیز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔

منگل کو آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن کی زیر سربراہی ان کے دفتر میں اجلاس ہوا جس میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کراچی میں رہنے والے شہریوں کو چینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گا اور جن رہائشی علاقوں میں غیرملکی رہتے ہیں، وہاں کی سیکیورٹی کلیئرنس کی ذمے دار ڈسٹرکٹ پولیس ہو گی۔

انہوں نے مختلف یونٹس کو فور طور پر اضافی فورس اور نفری اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

غلام نبی میمن نے چینی شہریوں، عملے اور ماہرین کے دفاتر منصوبوں اور رہائش گاہوں کے سیکیورٹی آڈٹ کی ہدایات بھی جاری کردیں۔

انہوں نے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، اسٹیبلشمنٹ، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ اور اسپیشل برانچ کی زیر سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی جو سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گی۔