اے آر رحمٰن کے ساتھ رابطہ کرکے ان کے ساتھ کام کرنے میں 7 سال لگے، شیراز اپل
معروف موسیقار و گلوکار شیراز اپل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اللہ رکھا (اے آر) رحمٰن کے ساتھ رابطہ کرنے اور پھر ان کے ساتھ کام کرنے کا خواب پورا کرنے میں سات سال لگے۔
شیراز اپل نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے پروگرام میں انکشاف کیا کہ ان کے والد پاک فوج میں تھے اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کے بیٹے بھی فوج میں شامل ہوں اور والد کی وفات کے بعد پتا چلا کہ انہوں نے ہی ان کا فوج میں سلیکشن رکوایا تھا۔
گلوکار کے مطابق انہوں نے زمانہ طالب علمی میں ہی گلوکاری شروع کردی تھی اور آغاز میں انہیں ناکامی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بینک ملازمت چھوڑ کر فل ٹائم گلوکاری کرنا شروع کی اور اس وقت والدہ ان کی مالی معاونت کرتی تھیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی والدہ اور اہلیہ کے تعاون اور صبر کی وجہ سے ہی وہ آج بڑے مقام پر پہنچے، اگر وہ ہمت نہ کرتی اور صبر نہ کرتیں تو وہ ہمت ہار کر دوسری ملازمت کرتے۔
شیراز اپل کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے بھارتی موسیقار اے آر رحمٰن کو سنا تو وہ انہیں سنتے ہی رہ گئے، اس کے بعد انہوں نے مغربی موسیقی سننا چھوڑ دی اور اے آر رحمٰن سے ملنے کے خیال دیکھنے لگے۔
ان کی وائرل ہونے والی کلپ میں انہوں نے بتایا کہ 1993 میں انہوں نے اے آر رحمٰن کے ساتھ کام کرنے کا خواب دیکھا جو کہ اس وقت پورا ہوتا ہوا نہیں دکھائی دے رہا تھا، کیوں کہ اس وقت تک وہ معروف گلوکار نہیں تھے۔
شیراز اپل کے مطابق انہوں نے 1993 سے ہی اے آر رحمٰن کو مختلف ای میلز بھیجنا شروع کیے لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا اور پھر سات سال بعد جب وہ امریکا گئے تو وہاں ان کی ملاقات بھارتی موسیقار سے ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے امریکا میں ہونے والے کنسرٹ کے بینر سے اے آر رحمٰن کا رابطہ نمبر نکال کر ان سے رابطہ کیا اور انہوں نے انہیں 10 منٹ کی ملاقات کے لیے بلایا اور وہ ان سے ملاقات کے وقت صرف انہیں دیکھتے ہی رہے۔
شیراز اپل کا کہنا تھا کہ انہون نے اے آر رحمٰن کو اپنے کام کی سی ڈی دی اور انہیں یقین ہوگیا کہ اب وہ ان کے ساتھ کام کریں گے اور پھر 6 ماہ بعد بھارتی موسیقار نے انہیں کام کرنے کی پیش کش کی اور انہوں نے پہلی بار لندن میں کام کیا اور بعد ازاں وہ بھارت بھی گئے، جہاں وہ دو ماہ تک رہے۔
انہوں نے بتایا کہ اے آر رحمٰن کے ساتھ کام کرنے کے دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا اور اس وقت کئی مشہور بولی وڈ فلمی گانے ان کے سامنے بنے اور انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ ان کا بھارتی موسیقار کے ساتھ کام کرنے کا خواب سات سال بعد پورا ہوا۔