شوگر ایڈوائزری بورڈ نے چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی
چینی کی ایکس مل قیمت 140 روپے فی کلو سے اوپر نہیں جانے دی جائے گی، مزید چینی کی برآمد کا فیصلہ مارکیٹ کی قیمتوں کو مدنظر رکھ کر ہوگا، ذرائع
شوگر ایڈوائزری بورڈ نے ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی برآمد کرنےکی اجازت دے دی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق چینی کی برآمد کے لیے سمری جلد اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کی ایکس مل قیمت 140 روپے فی کلو سے اوپر نہیں جانے دی جائے گی، مزید چینی کی برآمد کا فیصلہ مارکیٹ کی قیمتوں کو مدنظر رکھ کر ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ شوگر ملز مالکان نے15 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شوگر ملز مالکان نے پہلے مرحلے میں 5 لاکھ ٹن چینی کی برآمد کے لیے اجازت مانگی تھی، وزیراعظم شہباز شریف نےحال ہی میں چینی کی برآمدکا جائزہ لینے کے احکامات جاری کیے تھے۔