کراچی میں نوجوان گدھا گاڑی بان کو قتل کرنے والا سیکیورٹی گارڈ گرفتار
کراچی پولیس نے دو روز قبل فائرنگ کر کے نوجوان گدھا گاڑی بان کو قتل کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق گارڈ نے سرسید تھانے کی حدود سیکٹر 11۔اے میں فائرنگ کر کے بچے کو قتل کردیا تھا اور فرار ہوگیا تھا۔
ڈی آئی جی زون غربی عرفان بلوچ کی ہدایات پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے گارڈ کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی تھی۔
واردات کا مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور 322 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
گارڈ اسکارڈ نامی سیکیورٹی کمپنی کا ملازم تھا جس کے سپروائزر کو سرسید پولیس نے پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا۔
آج کراچی پولیس نے سیکیورٹی گارڈ رمضان کو بھی گرفتار کر لیا۔
یاد رہے کہ نیو کراچی کے علاقے میں گدھا گاڑی بان گلی کے کنارے بیٹھا آرم کررہا تھا کہ سیکیورٹی گارڈ سے تلخ کلامی ہوگئی تھی اور گارڈ نے فائرنگ کر کے نوجوان کو زخمی کر دیا تھا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔
اس واقعے سے چند روز قبل سرینا موبائل مال میں سیکیورٹی گارڈ نے نوجوان یوٹیوبر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا اور پولیس نے ملزم گارڈ احمد گل کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔