لائف اسٹائل

محسوس کرانے کی کوشش کی گئی کہ موٹا ہونا گناہ ہے، حنا رضوی

مجھے شروع سے ہی چلتے پھرتے ہر جگہ جسامت کی وجہ سے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، اداکارہ کا انکشاف

ماڈل و اداکارہ حنا رضوی نے کہا ہے کہ انہیں چلتے پھرتے اور شوبز سے باہر بھی باڈی شیمنگ کا سامنا رہا ہے اور لوگوں نے انہیں یہ محسوس تک کرانے کی کوشش کی کہ ان کا موٹا ہونا کوئی بڑا گناہ ہے۔

حنا رضوی نے حال ہی میں شوہر کے ہمراہ سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی اور شوبز کیریئر سمیت سوشل میڈیا پر فالوورز خریدے جانے کے معاملے پر بھی بات کی۔

پروگرام میں انہوں نے باڈی شیمنگ اور زائد الوزن افراد کو ان کی جسامت پر لوگوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنانے کے معاملے پر بھی کھل کر بات کی۔

باڈی شیمنگ سے متعلق حنا رضوی کی پروگرام کی مختصر کلپ وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خوبصورتی کے بیکار پیمانے بنا رکھے ہیں، اصل بات کسی بھی شخص کا صحت مند ہونا ہے، اس کا وزن اور جسامت سے کوئی لینا دینا نہیں۔

باڈی شیمنگ اور ٹرولنگ سے متعلق پوچھے گئے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں شروع سے ہی چلتے پھرتے ہر جگہ جسامت کی وجہ سے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

حنا رضوی کے مطابق موٹے شخص پر فکرے کسنا، ان کے ساتھ مذاق کرنا آسان ہوجاتا ہے جب کہ لوگوں کے ذہن میں یہ بات بھی ہوتی ہے کہ جو شخص موٹا ہوتا ہے وہ بے وقوف ہوتا ہے لیکن درحقیقت ایسا کچھ نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ تک محسوس کرانے کی کوشش کی گئی کہ ان کا موٹا ہونا ان کا کوئی بڑا گناہ ہے لیکن انہیں کوئی فرق نہیں پڑا اور اب وہ ایسی باتیں سننے کی عادی ہو چکی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق کسی کو کسی کے موٹاپے یا کم وزن سے کوئی لینا دینا نہیں ہونا چاہیے اور اگر کوئی زائد الوزن ایکسرسائز کرکے وزن کم بھی کرتا ہے تو اس کی اپنی مرضی ہے، دوسروں کا اس میں کوئی کام نہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ سست انسان ہیں، ان سے ورزش اور اداکاری ایک ساتھ نہیں ہوتیں اور وہ اپنے وزن سے بھی مطمئن اور خوش ہیں، انہیں کسی طرح کا کوئی مسئلہ نہیں۔

حنا رضوی کا کہنا تھا کہ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ صحت مند اور بہتر شخص رہے لیکن اگر کوئی اپنی مرضی سے زندگی گزارنا چاہتا ہے تو دوسروں کو اس میں مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

اداکارہ حنا رضوی رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں

بریانی نہیں کہ ہر کسی کو پسند آؤں، حنا رضوی کا شادی پر تنقید کرنے والوں کو جواب

یہ ‘باڈی شیمنگ’ کیا چیز ہے؟