پاکستان

عمران خان پر سنگین نوعیت کے مقدمات درج کرنے کے فیصلے کےخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 10 جون کو عمران خان کی پنجاب کابینہ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کرے گا۔
|

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سنگین نوعیت کے مقدمات درج کرنے کے کابینہ کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 10 جون کو عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ عدالت نے پنجاب حکومت کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

29 مئی کو سابق وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین کیسز کی منظوری کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

درخواست میں عمران خان نے استدعا کی کہ عدالت پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین مقدمات کی منظوری کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ 25 مئی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کابینہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف آرمی سمیت دیگر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے پر مزید مقدمات کی منظوری دے دی تھی۔

صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پنجاب کابینہ نے عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں قانونی کارروائی کی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف ایک بیانیہ بنارہے ہیں اور وہ مجیب الرحمٰن بننے کی کوشش کررہے ہیں، جب کہ اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنے والے رہنما بھی ان کی پیروی کرتے ہیں لہذا پنجاب کابینہ نے ان کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزارت داخلہ بہت جلد ضروری اقدامات کرے گی۔ عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں پر مزید مقدمات درج کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ اس حوالے سے صوبائی وزارت داخلہ اقدامات کرے گی۔

پنجاب: ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی، 2 بچے جاں بحق

نریندر مودی کل تیسری بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے

سمندری مخلوقات کو لاحق خطرات اور سسٹینیبل فشنگ کی ضرورت