پنجاب: ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی، 2 بچے جاں بحق
پنجاب کے ضلع ساہیوال کے ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آگ اور دھوئیں کے اثرات سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں شاٹ سرکٹ کے باعث چلڈرن وارڈ میں آگ بھڑک اٹھی ، اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی۔
وارڈ میں لگی آگ کے دوران ہسپتال اسٹاف اور سیکیورٹی گارڈز نے جان پر کھیلتے ہوئے بچوں کو ایمرجنسی وارڈ میں شفٹ کیا ، جبکہ ریسکیو 1122 کی 4 گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا۔
اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر ، اور کمشنر شعیب اقبال سید ،ار پی ساہیوال میاں محبوب رشید بھی موقع پر پہنچ گئے۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے امدادی کاموں کی نگرانی کی، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی موقع پر موجود تھے۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کا کہنا تھا اللہ کا شکر ہے کہ ساہیوال میں آج بہت بڑا سانحہ ہونے بچ گئے، انہوں نے عملے کی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے بچوں بحفاظت وارڈز سے نکال لیا۔
تاہم آگ اور دھوئیں کے اثرات سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 کی حالت تشویشناک ہے، ڈی ایچ کیو ہپستال کے ایم ایس نے بتایا کہ مرنے والے بچے پیدائشی طور پر پر ہی امیچور اور بیمار تھے۔
آتشزدگی کے باعث چلڈرن وارڈ میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔