کھیل

ٹی20 ورلڈکپ: سری لنکا کو مسلسل دوسری شکست، بنگلہ دیش 2 وکٹوں سے کامیاب

بنگلہ دیش نے 125 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، سری لنکا کو ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ٹی20 ورلڈکپ کے 15ویں میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر اپنے پہلے ہی میچ میں کامیابی سمیٹ لی، سری لنکا کو ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی شہر ڈیلاس کے گرانڈ پریئری کرکٹ اسٹیڈیم میں گروپ ڈی کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 3 وکٹیں حاصل کرنے پر ریشاد حسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا اننگز:

سری لنکا کی جانب سے اوپننگ بلے باز پیتھم نسانکا 47 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، کشال مینڈس 10، کامینڈو مینڈس 4، دھننجے ڈی سلوا 21، چارتھ اسلانکا 19 اور اینجلو میتھیوز 16 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیظ الرحمٰن اور ریشاد حسین نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ تسکین احمد 2 اور تنظیم حسن ثاقب ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

بنگلہ دیش اننگز:

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، تنزید حسین 3 اور سومیا سرکار صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

توحید ہری دوئے 40 اور لٹن داس نے 36 رنز بناکر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جب کہ محمد اللہ نے آخری لمحات میں 16 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

سری لنکا کی جانب سے نوان تھشارا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، کپتان وانندو ہسارنگا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

امریکا سے شکست: ماہرین نے بابر اعظم کی سست بیٹنگ پر سوالات اٹھا دیے

چیئرمین پی سی بی کی مداخلت پر آئی سی سی نے نیویارک میں قومی ٹیم کا ہوٹل تبدیل کردیا

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا مایوس کن آغاز، نوآموز امریکا نے سپر اوور میں شکست دے دی