پاکستان

گوجرانوالہ: پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

9 مئی سے متعلق مقدمے میں ایک روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر سخت سیکیورٹی میں صنم جاوید کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کوگوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق صنم جاوید کو ایک روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، حکام کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے صنم جاوید کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے 9 مئی کے 3 مقدمات میں ضمانت منظوری اور سرگودھا ڈسٹرکٹ جیل سے رہائی کے بعد صنم جاوید کو گوجرانوالہ پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔

گوجرانوالہ پولیس کا کہنا تھا کہ صنم جاوید 9 مئی کے کیس میں پولیس کو مطلوب تھیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا اور اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں جناح ہاؤس کے نام سے مشہور کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

9مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں یاسمین راشد، محمودالرشید، اعجاز چوہدری کے ساتھ ساتھ ڈنم جاوید کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔

نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ

درفشاں کو کیسے پتا چلا کہ لوگ ان کی ہاٹ تصاویر تلاش کرتے رہتے ہیں، فاطمہ آفندی

ڈیوڈ وارنر نے ٹی20 ورلڈکپ میں اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا