کھیل

نیویارک کی مشکل پچ کیلئے ہمارے پاس باصلاحیت اور تجربے کار بیٹرز ہیں، بھارتی کوچ

مشکل صورتحال میں ہم خود کو آسانی سے ڈھال سکتے ہیں، ہمارے پاس ایسے بہترین بلے باز موجود ہیں جو ایسی وکٹ پر بھی اچھی بیٹنگ کرسکتے ہیں اور گزشتہ کئی سالوں سے یہی ہماری طاقت رہی ہے، بیٹنگ کوچ وکرم راتھوڑ

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ میں آئرلینڈ کے خلاف اپنی پہلی فتح کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ وکرم راتھوڑ نے کہا ہے کہ نیویارک کی مشکل پچ کے لیے ہمارے پاس باصلاحیت اور تجربے کار بیٹرز موجود ہیں۔

ڈان میں شائع غیر ملکی خبررساں ادارے (رائٹرز) کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ وکرم راتھوڑ نے کہا کہ ہم نے اس پچ پر پریکٹس میچ کھیلا تھا تو ہمیں انداز تھا کہ یہ ایک مشکل وکٹ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسی مشکل وکٹ کے لیے تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، اس لیے ہمیں زیادہ فکر نہیں ہے کیوں کہ ہم ایسی مشکل صورتحال میں خود کو آسانی سے ڈھال سکتے ہیں۔

بیٹنگ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایسے بہترین بلے باز موجود ہیں جو ایسی وکٹ پر بھی اچھی بیٹنگ کرسکتے ہیں، اور گزشتہ کئی سالوں سے یہی ہماری طاقت رہی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے آئرلینڈ کے خلاف اپنے پہلے میچ میں مخالف ٹیم کو صرف 96 رنز پر آؤٹ کردیا تھا اور 97 رنز کا ہدف آسانی سے 2 وکٹ کے نقصان پر 13ویں اوور میں حاصل کرلیا تھا، کپتان روہت شرما نے ایسی پچ پر بھی 37 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔

میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران روہت شرما نے کہا تھا کہ شائقین کرکٹ ہم سے آئی پی ایل کی طرح بڑے اسکور کی امید نہ رکھیں کیوں کہ نیویارک کی پچ بیٹنگ کے لیے مشکل لگ رہی ہے اور یہاں رنز بنانا آسان نہیں ہوگا۔

ٹی20 ورلڈکپ کے دوران نیویارک کے نا سو کاؤنٹی کرکٹ اسٹیدیم کی پچز پر سابق کھلاڑیوں اور تجزیہ کاروں کی جانب سے مسلسل تنقید کی جارہی ہے کیوں کہ اب تک یہاں ہونے والے تمام میچز انتہائی لو اسکورنگ ثابت ہوئے ہیں۔

بھارت کا ٹی20 ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز، آئرلینڈ کو شکست

’ویرات کوہلی اور روہت شرما نے بھارتی ٹیم کو مفلوج کردیا‘

یوگینڈا کے 43 سالہ باؤلر نے ٹی20 ورلڈکپ میں تاریخ رقم کردی