پاکستان

کراچی: صارم برنی 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

صارم برنی نے ایک سال کے دوران 20 نومولود کو امریکا اسمگل کیا، حیا نامی نومولود کو 10 لاکھ روپے میں خرید کر امریکا اسمگل کیا گیا، مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی سٹی کورٹ نے معروف سماجی کارکن صارم برنی کو بچوں کی اسمگلنگ کیس میں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں بچوں کو غیرقانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے اور اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی، اس دوران ایف آئی اے نے معروف سماجی کارکن صارم برنی کوعدالت میں پیش کیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے صارم برنی کو جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی گئی، تفتیشی افسر نے عدالت سے درخواست کی ’صارم برنی سے بچوں سے متعلق تفتیش کرنی ہے، جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے‘۔

صارم برنی کے وکیل سید آصف علی نے عدالت سے استدعا کی کہ وکلا کی ٹیم کو پیش ہونے کے لیے وقت دیا جائے، شروع میں اطلاعات تھیں کہ صارم برنی کو ملیر کورٹ لے جایا جارہا ہے، ہماری وکلا ٹیم ملیر کورٹ چلی گئی تھی، وہ تھوڑی دیر میں یہاں پہنچ جائیں گے۔

عدالت نے صارم برنی کی وکلا ٹیم کو پیش ہونے کے لیے 15 منٹ کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔

وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو صارم برنی کے وکلا نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا ’صارم برنی کی معاشرے کیلئے خدمات نمایاں ہیں، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا گرفتار کرلیا گیا‘۔

وکلا نے عدالت کو بتایا کہ صارم برنی کو سماجی خدمات پر ایوارڈز مل چکے ہیں، وہ کوئی غلط کام کا تصور نہیں کرسکتے، مقدمہ ہی جھوٹا ہے، تفتیشی افسر کے پاس الزامات کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں، صارم برنی کے خلاف کیس نہیں بنتا، رہا کیا جائے۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمیں صارم برنی کا بیان ریکارڈ کرنا ہے، اس لئے ریمانڈ دیا جائے، شریک ملزمان کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کرنی ہے، اگر ہمیں کسٹڈی نہیں دی گئی تو شواہد ضائع کیےجانے کا خدشہ ہے۔

بعد ازاں، عدالت نے صارم برنی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے صارم برنی کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی استدعا مسترد کردی، عدالت نے صارم برنی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسرسے آئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

صارم برنی پر مقدمے کی تفصیلات

دوسری جانب، پاکستان سے بچوں کی امریکا اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار صارم برنی کے خلاف پہلی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، ایف آئی اے کے مطابق مقدمے میں صارم برنی کی اہلیہ کو بھی شامل تفتیش کیا جا سکتا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق صارم برنی کے خلاف حیا نامی نومولود کو 10 لاکھ روپے میں خرید کر امریکا اسمگل کیا، صارم برنی نے گزشتہ ایک سال میں امریکی والدین کو گود دینے کے نام پر 20 نومولود کو اسمگل کیا، جن میں 15 سے زائد لڑکیاں ہیں۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے بھی کیس کی چھان بین کر رہے ہیں، امریکی سفارتخانے نے صارم برنی کی جانب سے امریکا منتقل کیے گئے بچوں کا ریکارڈ ایف آئی اے حکام کو فراہم کردیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق صارم برنی پر بچوں کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے صارم برنی کو امریکا سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا صارم برنی پر انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات ہیں، کافی عرصے سے صارم برنی کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی تھی۔

صارم برنی کو ایف آئی اے نے کراچی سے گرفتار کرلیا

ایف آئی اے کی کارروائی، آن لائن جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث ڈاکٹر سمیت 2 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے نے یوٹیوبر اسد طور، عمران ریاض کو طلب کر لیا