پاکستان

حیدر آباد گیس سلنڈر دھماکے میں اموات کا سلسلہ جاری، مزید 4 زخمی دم توڑ گئے

سانحے کے ساتویں روز کراچی کے ہسپتال میں زیر علاج 2 سالہ حرم، 15 سالہ قاضی محمد حسنین، 65 سالہ الطاف اور 15 سالہ محمد آرائیں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر دھماکے میں اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ آج مزید 4 افراد کراچی کے ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جس کے بعد سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق سانحہ پریٹ آباد کے ساتویں روز کراچی کے ہسپتال میں زیر علاج 2 سالہ حرم، 15 سالہ قاضی محمد حسنین، 65 سالہ الطاف اور 15 سالہ محمد آرائیں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

متوفیوں کا جسم 67 فیصد تک جھلس چکا تھا اور ہسپتال میں ان کی حالت تشویشناک تھی۔

واضح رہے کہ 30 مئی کو حیدر آباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 60 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ جھلسنے والے 21 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے، دھماکوں اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو اور فائر فائٹرز کی ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچی تھیں۔

چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدرشاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدر آباد سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

ہسپتال ذرائع نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 100 فیصد جھلسنے والے 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے، سول ہسپتال حیدرآباد سے 19 زخمیوں کو کراچی کے ہسپتال ریفر کیا گیا تھا۔