دنیا

بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنا استعفیٰ صدر کو بھجوادیا، 8 جون کو حلف لینے کا امکان

بھارتی صدر دروپدی مرمو نے بھارتی وزیراعظم کی جانب سے بھیجا گیا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے نریندر مودی اور وزراء کونسل سے نئی حکومت کے عہدہ سنبھالنے تک کام جاری رکھنے کی درخواست کی۔

بھارتی وزیراعظم نے اپنا استعفیٰ صدر دروپدی مرمو کو بھجوادیا جس میں لوک سبھا تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، نریندر مودی 8 جون کو تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا حلف لیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز وزراء کونسل کے ساتھ اپنا استعفیٰ بھارتی صدر دروپدی مرمو کو بھجوادیا ہے۔

بھارتی صدر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بھارتی وزیراعظم کی جانب سے بھیجا گیا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے نریندر مودی اور وزراء کونسل سے نئی حکومت کے عہدہ سنبھالنے تک کام جاری رکھنے کی درخواست کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی بھارتی تاریخ میں تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے والی دوسری شخصیت ہیں، ان سے قبل جواہر لال نہرو تین مرتبہ بھارت کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔

ذرائع نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ مودی کی جانب سے 8 جون کی شام کو مسلسل تیسری مدت کے لیے وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کا امکان ہے، اور یوں سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو کے بعد مودی تیسری مدت کے لیے اقتدار برقرار رکھنے والے دوسرے رہنما ہوں گے۔

حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے 292 سیٹیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے، تاہم بی جے پی اکیلے سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے قائدین آج شام لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا جائزہ لینے اور حکومت سازی کی تفصیلات پر غور کرنے کے لئے اہم ملاقات کریں گے۔

حکومتی اتحاد نے لوک سبھا کے 543 رکنی ایوان میں سادہ اکثریت کے لیے درکار 272 نشستوں کے عندسے کو آسانی سے عبور کرلیا ہے، وہیں 2014 میں اکیلے سادہ اکثریت حاصل کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے اتحادیوں پر انحصار کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت تصور کیے جانے والے بھارت کے عام انتخابات میں نریندر مودی ایک مرتبہ پھر اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور وہ لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے کے لیے تیار ہیں۔

تاہم، ایگزٹ پولز میں جس بھاری اکثریت سے مودی کی کامیابی کی پیش گوئی کی گئی تھی وہ حاصل کرنے میں ناکام رہے بلکہ بی جے پی اکیلے سادہ اکثریت تک حاصل نہ کرسکی اور مودی کو اس مرتبہ حکومت سازی کے لیے کم از کم تین علاقائی جماعتوں پر انحصار کرنا ہوگا۔

بھارت: عام انتخابات میں نشستیں گنوانے کے باوجود حکمران اتحاد کو برتری حاصل

عوام نے متفقہ فیصلہ سنایا ہے کہ بھارت کو مودی نہیں چاہئے، راہُل گاندھی

’بھارت فیصلے کا منتظر ہے‘