پاکستان

9 مئی سے متعلق مقدمات کے89 اشتہاریوں کا خیبرپختونخوا میں روپوش ہونے کا انکشاف

9 مئی کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے موثرحکمت عملی مرتب کی جائےگی، اشتہاریوں کی گرفتاری کے دوران مزاحمت کے خدشات ہیں، پنجاب پولیس

9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق پنجاب میں درج مقدمات میں اشتہاری قرار دیے گئے 89 افراد کے خیبرپختونخوا میں روپوش ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 9 مئی میں ملوث خیبرپختونخواہ میں پناہ لینے والوں میں اسلم اقبال، حماد اظہر سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنما بھی ان روپوش افراد میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے اشتہاریوں کی فہرست خیبرپختونخوا پولیس کوارسال کردی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے موثرحکمت عملی مرتب کی جائےگی، خیبرپختونخوا سے اشتہاریوں کی گرفتاری کے دوران مزاحمت کے امکانات ہیں۔

خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی میں ملوث 1900 مشتعل مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

توہین عدالت کیس: مصطفیٰ کمال کی فوری معافی کی استدعا مسترد، فیصل واڈا سے جواب طلب، ٹی وی چینلز کو نوٹس

اچھی تیاریوں کے ساتھ امریکا آئے ہیں، ایک ہی ہدف ورلڈکپ جیتنا ہے، بابر اعظم

بہروز سبزواری کا عمران خان کے ساتھ ’مے خوری‘ کرنے کا انکشاف