کھیل

ٹی20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کا میچ بارش کی نذر، نیپال کو نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست

اسکاٹ لینڈ کی اننگز کے بعد بارش کی وجہ سے میچ منسوخ کردیا گیا، نیدرلینڈز نے نیپال کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو گیا جبکہ نیدرلینڈز نے نیپال کو شکست دے کر دو قیمیتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔

برج ٹاؤن میں انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا جہاں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اسکاٹش اوپنرز نے عمدہ کھیل پیش کیا اور 6.2 اوورز میں اپنی ٹیم کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا اور دو گھنٹے سے زائد دیر تک بارش کی وجہ سے میچ نہ ہو سکا۔

میچ دوبارہ شروع ہوا تو میچ کو 10 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا اور اسکاٹش ٹیم نے 10 اوورز میں 90 رنز بنائے، مائیکل جونز نے 45 اور جیارج مُنسے نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت میچ میں فتح کے لیے 109 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا۔

تاہم اس سے قبل کہ انگلش ٹیم بیٹنگ کے لیے میدان میں اترتی، میچ میں ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کردی جس کے بعد امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتان کی رضامندی سے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

دوسری جانب نیدرلینڈز نے میکس او ڈاؤڈ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

امریکا کے شہر ڈیلس میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

نیپال کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 106 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس کے صرف تین کھلاڑی ہی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔

ایشین ٹیم کے کپتان روہت پوڈل نے 35، گلشن جھا نے 14 اور کرن کھتری نے 17 رنز بنائے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے ٹم پرنگل نے 18 اور لوگان وین بیک نے 20 رنز کے عوض تین، تین وکٹیں لیں جبکہ پال وین میکرن اور باس ڈی لیڈے نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں نیدرلینڈز نے میکس او ڈاؤڈ کی شاندار نصف سنچری کی بدولت چار گیندوں قبل ہدف حاصل کر لیا۔

میکس او ڈاؤڈ نے 48 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ وکریم جیت سنگھ نے 22 اور سیبرینڈ انجل بریچت نے 14 رنز بنائے۔