کھیل

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے 3ارب روپے کی ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان

ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 68 کروڑ 28 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جو اب تک ٹی20 ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے لیے اعلان کردہ سب سے بڑی رقم ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے لیے تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 3 ارب روپے(ایک کروڑ 12 لاکھ 50ہزار) کی انعامی رقم دی جائے گی۔

ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 68 کروڑ 28 لاکھ روپے(24لاکھ 50ہزار ڈالر) کی انعامی رقم دی جائے گی جو اب تک ٹی20 ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے اعلان کردہ سب سے بڑی رقم ہے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 35 کروڑ روپے(12لاکھ 80ہزار ڈالر) کی انعامی رقم ملے گی۔

ایونٹ کے سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیم کو کم از کم 21 کروڑ 94 لاکھ روپے(787500 ڈالر) ملیں گے۔

سیمی فائنل میں نہ پہنچنے والی سپر ایٹ مرحلے کی بقیہ چار ٹیموں کو 10 کروڑ روپے(3لاکھ 82ہزار 500ڈالر) کا انعام دیا جائے گا جبکہ دسویں، گیارہویں اور بارہویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو تقریباً سات، سات کروڑ روپے(2لاکھ 47ہزار 500ڈالر) ملیں گے۔

13ویں سے 20ویں پوزیشن تک آنے والی ٹیموں کو چھ، چھ کروڑ روپے(2لاکھ 25ہزار ڈالر) دیے جائیں گے

ہر ٹیم کو فائنل اور سمی فائنل کے علاوہ ایونٹ کا ہر میچ جیتنے پر 86لاکھ 83ہزار روپے(31ہزار 154ڈالر) کی اضافی رقم دی جائے گی۔

28 روزہ ٹورنامنٹ میں امریکا اور ویسٹ انڈیز کے 9 مقامات پر 55 مچیز کھیلے جائیں گے اور سپر ایٹ مرحلے سے پہلے گروپ اسٹیج میں 40 میچز کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کی چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جس میں ٹرینیڈا ٹوباگو پہلے سیمی فائنل جبکہ دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی گیانا کرے گا۔

ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔