ترکیہ میں عمارت منہدم، ریسکیو عملہ ملبے تلے پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف
پچھلے سال ترکیہ میں 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 59 ہزار سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے۔
ترکیہ کے شہر استنبول میں ایک عمارت منہدم ہوگئی ہے جبکہ ریسکیو عملہ ملبے تلے پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوشش میں مصروف ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹی وی پر جاری تصاویر میں آگ بجھانے والے عملے کو شہر کے یورپی حصے میں واقع منہدم 3 منزلہ عمارت کے ملبے کو ہاتھ سے ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، نشریاتی ادارے سی این این ترک نے رپورٹ کیا کہ ملبے سے 2 زخمی افراد کو نکالا جا چکا ہے۔
استنبول کے گورنر کے دفتر نے بتایا کہ ڈھانچہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8:40 بجے پر گرا، اس حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں کی جاسکی ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے سال ترکیہ میں 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 59 ہزار سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے، اس تباہی نے ترکیہ میں عمارت کے ضوابط کے ناقص نفاذ کو اجاگر کیا تھا۔