پاکستان

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کا بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج

احتجاج میں شہریوں کے علاوہ ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی اور کارکنان بھی شریک ہوئے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے کراچی کی پاور ہاؤس چورنگی پر بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق احتجاج میں شہریوں کے علاوہ ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی اور کارکنان بھی شریک ہوئے۔

پلے کارڈ اٹھائے مظاہرین نے کے۔الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ طویل بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے جس کی وجہ سے پانی کی کمی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ ملک کے بیشتر حصے میں ان دنوں شدید گرمی کا راج ہے اور اس کے ساتھ بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندی اجیرن بنادی ہے۔

بھاری بھرکم بلوں کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں تقریباً روز عوام کا احتجاج سامنے آرہا ہے۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ ان علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جہاں بجلی چوری ہورہی ہے اور ریکوری کے مسائل ہیں۔