حیدرآباد: گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے سے زخمی ہونے والے مزید 3 افراد چل بسے
حیدرآباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے سے زخمی ہونے والے مزید 3 افراد چل بسے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق ایم ایس سول ہسپتال نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 8 بچے شامل ہیں، مزید کہا کہ ہسپتال میں داخل 10مزید مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
ایم ایس سول ہسپتال کے مطابق مرنے والوں کے جسم کا 100 فیصد حادثے میں جھلس گیا تھا، مزید کہنا تھا کہ انسانی جسم 50 فیصد سے زائد جھلس جائے تو بچنے کا امکان ناممکن ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل حیدر آباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 60 افراد زخمی ہوگئے تھے، جھلسنے والے 21 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے، دھماکوں اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو اور فائر فائٹرز کی ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچی تھیں۔
چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدرشاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدر آباد سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔
ہسپتال ذرائع نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 100 فیصد جھلسنے والے 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے، سول ہسپتال حیدرآباد سے 19 زخمیوں کو کراچی کے ہسپتال ریفر کیا گیا ہے۔