کراچی: کیمیکل فیکٹری کے ’زہریلے‘ دھویں کے باعث علاقہ مکین متاثر، فیکٹری مالک زیر حراست
کراچی میں کیمیکل فیکٹری کے اندر سے زہریلا دھواں نکلنے کے باعث علاقہ مکینوں کی حالت غیر ہوگئی جبکہ پولیس نے شہریوں کی شکایت پر فیکٹری مالک کو حراست میں لے لیا۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق واقعہ کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں پیش آیا، اہل علاقہ نے کہا کہ فیکٹری کے اندر سے زہریلا دھواں نکلنے کے باعث ان کی حالت خراب ہو رہی ہے، بچے، بڑے سب متاثر ہو رہے ہیں، دھویں کے باعث قے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
اہل علاقہ نے کہا کہ فیکٹری کے باہر علاقہ مکین پہنچے تو انہوں نے بھگا دیا، ایک خاتون نے کہا کہ دھویں کی وجہ سے بچے، بڑے سب کی حالت خراب ہے۔
علاقہ مکینوں کی شکایت پر کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس پہنچ گئی، پولیس نے بتایا کہ فیکٹری میں کیڑے مار کیمیکل تیار کیا جارہا ہے، درجہ حرارت زہادہ ہونے کے باعث ری ایکشن سامنے آیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ پولیس پارٹی کو بھی فیکٹری کے اندر جانے میں سخت مشکل پیش آئی، ڈرم اور دیگر سامان قبضے میں لے رہے ہیں، علاقہ مکینوں کی شکایت پر کارروائی کر رہے ہیں، فیکٹری مالک زیر حراست ہے۔