بھارت میں آج انتخابات کا آخری دن، اپوزیشن رہنماؤں کا جیت کا دعویٰ
بھارت میں سات مرحلوں کے انتخابات میں آج آخری دن ووٹنگ ہوگی اور وزیراعظم نریندر مودی شام کے وقت ایگزٹ پولز کے نتائج جاننے کے لیے دو دن کے مراقبے سے بیدار ہوں گے۔ جس کے بارے میں اپوزیشن دعویٰ کررہی ہے کہ یہ الیکشن ان کے لیے جیت کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے جنوب میں تنہائی میں رہنے سے پہلے بہار اور پنجاب میں انتخابی تقریروں کے دوران وزیراعظم نے اپنے مخالفین پر غم وغصے کا اظہار کیا۔
4 جون کو آخری ووٹنگ مشین پر مہر لگنے کے بعد ایگزٹ پول متوقع ہیں، تاہم مودی کو ان کی جیت کا دعویٰ کرنے یا غیر متوقع نتائج کے سرکاری توثیق کے لیے کئی دنوں تک انتطار کرنا پڑے گا۔
مودی اور ان کے وزرا نے راجیو گاندھی کی 400 پلس کو عبور کرنے والی زبردست فتح کے بارے میں کچھ نہیں کہا، تاہم اپوزیشن پارٹیز کا دعویٰ ہے کہ اس نیتجے سے بی جے پی کو شدید نقصان پہنچنے کا امکان ہے، جس نے گزشتہ انتخابات میں 303 نشستیں حاصل کی تھیں۔
مودی کو مہاراشٹر، اتر پردیش، بہار اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں میں چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم مقامی رپورٹس کے مطابق بی جے پی آرام سے 330 سیٹیں حاصل کر لے گی، حیران کن طور پر یہ تعداد ان پیشگوئیوں سے مختلف نہیں جو انتخابات شروع ہونے سے پہلے ٹی وی چینلز کی جانب سے مسلسل کی جا رہی تھیں۔
آخری مرحلے میں لوک سبھا کی 543 میں سے 57 سیٹیں شامل ہیں، کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے ہفتہ کو اتحاد کے قائدین کی میٹنگ بلائی ہے تاکہ ووٹوں کی شفاف گنتی کے لئے پوسٹ پولنگ انتظامات طے کئے جاسکیں۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحاد ہارس ٹریڈنگ کے ممکنہ خطرے پر بھی بات کرسکتا ہے جس کا انہیں خدشہ ہے اور وہ اپنے اتحاد کم ہونے کی صورت میں مالدار حکمران جماعت سے خوفزدہ ہیں۔
بھارت میں ہر جگہ الیکشن کا شور سنائی دے رہا ہے اور ٹی وی چینلز کو مودی کی واضح جیت دکھائی دے رہی ہے، تاہم یوٹیوب پر چلنے والے چینلز میں بی جے پی کی شکست دکھائی دے رہی ہے۔
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے اپنی پارٹی کے کارکنوں اور امیدواروں کو چوکنا رہنے کو کہا ہے، ایکس پر کی گئی اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے تک آپ سب کو چوکنا اور محتاط رہنا چاہیے، اور جی جے پی کے کسی بھی بہکاوے میں نہیں آنا۔
خیال رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے میں اتر پردیش کی 13 سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔
پنجاب کے ہوشیار پور، جہاں آخری مرحلے میں تمام 13 سیٹوں کا فیصلہ ہونا ہے، مودی نے اپنے آخری دورے کے دوران دھمکی دی کہ ’مودی کے ساتھ گڑبڑ مت کرو‘، انہوں نے مزید کہا کہ اگر مخالفین نے انہیں نشانہ بنانا بند نہیں کیا تو وہ ان رہنماؤں کو بے نقاب کردیں گے۔
اس سے قبل بہار میں مودی نے کھل عام 24 سالہ تیجاشوی یادو کو جیل بھیجنے کی دھمکی دی تھی، جو اپنے والد لالو یادو کی جانب سے مہم نہ چلانے کے باوجود بڑے پیمانے پر ہجوم کو لانے میں کامیاب رہے ہیں، اس موقع پر وکلا نے کہا کہ یہ ایک کھلا اشارہ ہے کہ مودی کس طرح وفاقی ایجنسیوں کو کنٹرول کرتے ہیں حالانکہ وہ اس سے انکار کرتے رہے ہیں۔