پی آئی اے کی حج پرواز کی ریاض ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
دوران پرواز کارگو کیبن میں ہائی ٹمپریچر وارننگ کے بعد طیارے کو ریاض ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، وارننگ غلط ثابت ہونے پر پرواز کو دوبارہ جدہ کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی حج پرواز پی کے 839 نے ریاض ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ حج پرواز رات 10 بجے کراچی سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی تھی، مسافر کے مطابق دوران پرواز طیارے میں دھماکے کی آواز سنی گئی۔
مسافر نے مزید بتایا کہ دھماکے کی اطلاع پر پرواز کا رخ جدہ سے موڑ کر اسے ریاض ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد طیارے سے تمام مسافروں کو اتارکر لاونج میں منتقل کیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پرواز پی کے 839 میں دوران پرواز کارگو کیبن میں ہائی ٹمپریچر کی وارننگ آئی تھی، جس کے بعد طیارے کو ریاض ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، طیارے کی جانچ کے بعد ہائی ٹمپریچر وارننگ غلط ثابت ہوئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق سرسری جانچ کے بعد پرواز پی کے839 کودوبارہ جدہ کے لیے روانہ کر دیا گیا۔