راولپنڈی: بھکاری خاتون کے ساتھ اغوا کے بعد مبینہ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج
بھیک مانگنے کے بعد واپس گھر جا رہی تھی کہ اغوا کر لیا گیا، ملزمان نے باری باری زبردستی زیادتی کی، ملزمان خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہو گئے، ایف آئی آر کا متن
پنجاب کے شہر راولپنڈی میں بھکاری خاتون کو اغوا کرنے کے بعد مبینہ اجتماعی زیادتی کردی گئی۔
’ڈان نیوز ’ کی رپورٹ کے مطابق گھناؤنا فعل راولپنڈی کے تھانے ائیرپورٹ کی حدود میں پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق ایئر پورٹ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تاہم، تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے خاتون کی شکایت پر مقدمہ 6 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا ہے۔
ایئر پورٹ پولیس کو متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بھیک مانگ کر واپس آرہی تھی کہ ڈہوک حافظ کے مقام پر ایک گاڑی کھڑی تھی جس میں 4 افراد سوار تھا، انہوں نے میرے منہ پر کپڑا ڈالا اور نامعلوم جگہ پر لے گئے جہاں پہلے سے 2 افراد موجود تھے۔
متاثرہ خاتون نے مزید بتایا کہ سب نے باری باری مجھے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا اور خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہو گئے۔