پاکستان

9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: عدالت نے عمران خان کو 2 مقدمات میں بری کردیا

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے سابق وزیر اعظم کی بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
|

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج 9 مئی کے 2 مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بری کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے سابق وزیر اعظم کی بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کو تھانہ شہزاد ٹاؤن کے دونوں مقدمات سے بری کیا۔

یاد رہے کہ وکلا مرزا عاصم بیگ اور نعیم پنجوتھا نے عمران خان کی بریت پر دلائل دیئے تھے، وکیل مرزا عاصم بیگ نے عدالت کو بتایا کہ غیر مجاز شخص کی جانب سے عمران خان کے خلاف ایف آئی درج کروائی گئیں تھیں ، بانی پی ٹی آئی پر 109 کا الزام عائد کیا گیا مگر کوئی شواہد پیش نہیں کیے جاسکے۔

بعد ازاں عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کو 9 مئی کے دو مقدمات میں بری کردیا۔

گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

لاہور: مضر صحت نوڈلز کھانے سے دو بچے جاں بحق

اسلام آباد: خفیہ معلومات غیر ملکی سفارتکار کو دینے پر گرفتار ’اے ایس آئی‘ کی ضمانت منظور

بحریہ ٹاؤن افسران کو جہاز سے ’اتارے جانے‘ کے خلاف درخواست پر آج سماعت ہوگی