پاکستان

سندھ کی جامعات کے وائس چانسلرز کی وزیراعظم سے 16ارب روپے فراہم کرنے کی اپیل

سندھ کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز نے صوبے کی جامعات کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سے رقم فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

سندھ کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز نے صوبے کی جامعات کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سے 16ارب روپے فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

21 جامعات کے وائس چانسلرز نے اجلاس کے بعد وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں سندھ کی 29 پبلک سیکٹر کی جامعات سمیت پاکستان بھر کی صوبائی جامعات کو گرانٹ روکنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے سندھ کی جامعات کو 13 ارب روپے سے زیادہ فراہم کرتی ہے اور یہ رقم سندھ کی جامعات کے لیے 2018 کے بعد سے تقریباً منجمد ہے۔

خط میں وزیر اعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کے وزیر اعظم بننے کے بعد امید تھی کہ آپ کی قیادت میں حکومت جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مضبوط اور معاونت فراہم کرنے کےلیے ضروری اقدامات کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیاں اعلیٰ تعلیم تک رسائی فراہم کر رہی ہیں، غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں کے روشن دماغ کے حامل طلبہ اپنی تعلیم کی لاگت کو خود سے مالی اعانت فراہم نہیں کر سکتے اس لیے فیسوں کو اس سطح تک بڑھانا کوئی آپشن نہیں۔

وائس چانسلرز نے وزیر اعظم سے غریب اور کم آمدن والے خاندان کے طلبہ کو مناسب و معیاری تعلیم کی فراہمی اور جامعات کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے وزیر اعظم سے 16 ارب فراہم کرنے کی اپیل کی۔