پاکستان

لاہور میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پر تشدد کا مقدمہ درج

یونین کے عہدے داران نے ڈاکٹر فرید مسعود اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر واہگہ ٹاﺅن پر تشدد کیا، تھپڑمارے اور توڑ پھوڑ کی، ایف آئی آر کا متن

لاہور کے علاقے ثمن آباد میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پر تشدد کا مقدمہ تھانہ وحدت کالونی میں درج کر لیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ثمن آباد پر تشدد کا مقدمہ تھانہ وحدت کالونی میں ڈاکٹر فرید مسعود کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکیوں، کار سرکار میں مداخلت ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ڈیلی ہیلتھ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری علی حسن، خرم شہزاد، رفاقت اور شہباز سمیت 60 سے 65 نامعلوم افراد نے ڈاکٹر فرید مسعود اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر واہگہ ٹاﺅن کو گاڑی سمیت ان کے دفتر جانے سے روکا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ یونین کے عہدے داران نے ڈاکٹر فرید مسعود اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر واہگہ ٹاﺅن پر تشدد کیا، تھپڑمارے اور توڑ پھوڑ کی۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا کہ یونین کے عہدے داران نہ خود کام کرتے نہ کسی دیگر ملازم کو کام کرنے دیتے ہیں۔